سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری

بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر صوبائی سطح پر سیکیورٹی کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے، صوبائی وزیرداخلہ

کراچی:

وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ احکامات تک صوبے بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔

وزیرداخلہ سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر صوبائی سطح پر سیکیورٹی کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے، ملک بھر سے گڑھی خدا بخش کی جانب کثیر تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد کو سیکیورٹی اقدامات میں پیش نظر رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر تمام صوبوں سے گڑھی خدا بخش آنے والے قافلوں کو ضلعی سطح پر سیکیورٹی فراہم کی جائے، اور گڑھی خدا بخش و نوڈیرو کے روٹس سے تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے۔ 

صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ پارکنگ کو نا صرف مناسب فاصلوں پر رکھنے بلکہ پارکنگ ایریا کی کڑی نگرانی بھی کی جائے اور گڑھی خدا بخش، نوڈیرو اور اطراف کے علاقوں میں انٹیلی جینس کو بڑھایا جائے۔ 

ضیا لنجار نے ہدایت کی کہ معلومات کے حصول اور فالو کرنے کے عمل کو بروقت اور مؤثر بنایا جائے اور مشکوک اشیاء،پارسل، بیگ وغیرہ یا لاوارث گاڑی،موٹرسائیکل دکھائی دینے پر شہری فوری پولیس 15 پر اطلاع دیں۔ 

Load Next Story