لاہور:
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے خصوصی نمائندے رچرڈ گرینل کا ضمیر اچانک جاگ اٹھا،2018 کے انتخابات میں دھاندلی اور اپوزیشن رہنماؤں کی طویل قید پر ضمیر خاموش رہا۔
سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ’ ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے خصوصی نمائندے رچرڈ گرینل کا ضمیر اچانک جاگ اٹھا مگر 2018 کے انتخابات میں دھاندلی اور اپوزیشن رہنماؤں کی طویل قید پر ضمیر خاموش رہا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی منتخب حکومت کو عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور تحریک انصاف کی ملی بھگت سے ختم کیا گیا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتل عام پر امریکی نمائندہ خصوصی کا ضمیر اب بھی مردہ ہے، رچرڈ گرینل کا ضمیر صرف سامراجی مقاصد پورے کرنے کے لیے جاگتا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ امریکی نمائندے کا انصاف، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے کوئی تعلق نہیں، امریکا کا مقصد چین بلاک کو توڑنا اور ایران کو گھیرنا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ پاکستان مضبوط اور محفوظ ہے، اللہ کے فضل سے اللہ ہمارے ساتھ ہے۔