خیبرپختونخوا کے 3 اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 13 خوارج ہلاک، میجر شہید
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین آپریشنز کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 31 سالہ میجر نے جام شہادت نوش کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 25 اور 26 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز کے تین علیحدہ آپریشنز کے دوران 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
پہلا آپریشن ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دو خوارج کو ہلاک کر دیا۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج مارے گئے اور آٹھ زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
اس آپریشن میں بہادری سے قیادت کرنے والے 31 سالہ میجر محمد اویس (ضلع نارووال کے رہائشی) نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے چھ خوارج کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر داخلہ کا شہید میجر کو خراج عقیدت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی، اُن کی بہادری پر قوم کو فخر ہے، قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔ میجر محمد اویس نے بہادری سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
انہوں نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور 13 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کیا۔