وائلڈلائف سفاری کے بعد لاہور چڑیا گھر کو بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ چڑیا گھر کی انٹری ٹکٹ اور پارکنگ سمیت دیگر تفریحی سہولتوں کی نیلامی جنوری میں ہوگی۔ نیلامی کے بعد لاہور چڑیا گھر کی تفریح عام آدمی کے لیے مشکل ہوجائیگی۔
ایکسپریس نیوز کو موصول ہونیوالی تفصیلات کے مطابق لاہور چڑیا گھر انتظامیہ نے زو کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے خواہش مند پارٹیوں سے ٹینڈر طلب کیے ہیں، لاہور چڑیا کے ٹھیکے کی نیلامی کی ریزور پرائس 32 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔
لاہور چڑیا گھر کو نجی شعبے کے حوالے کیے جانے کے بعد چڑیا گھراندر مختلف تفریح سہولتوں کی الگ سے ٹکٹ لینا ہوگی۔ دستاویزات کے مطابق انٹری ٹکٹ 100 روپے، ایکوریم 100 روپے، سانپ گھر 200 روپے، واک تھرو ایوری 100 روپے، مکسڈ رئیلٹی 100 روپے، ورچوئل رئیلٹی 200 روپے اور زو ہالو ورس300 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ پارکنگ فیس الگ سے ادا کرنا ہوگی۔
یعنی ایک آدمی کو چڑیا گھر کی مکمل سیر کا خرچہ 1100 روپے ادا کرنا ہوگا، اگر تین بچوں کے ساتھ ایک فیملی تفریح کے لیے آئیگی تو 5 ہزار روپے ٹکٹوں کی ہی ادا کرنا پڑیں گے جبکہ الیکٹرک جھولوں، ہارس رائیڈ،جمپنگ کیسل کی ٹکٹ الگ ہوگی ۔ واک تھرو ایوری میں شہری پرندوں کو اپنے ہاتھوں سے دانہ بھی ڈال سکیں گے لیکن اس کی رقم الگ سے ادا کرنا ہوگی۔
واضع رہے کہ لاہور چڑیا گھر کی ری ویپنگ کا منصوبہ 2023 میں نگران حکومت نے شروع کیا تھا۔منصوبے پر ایک ارب 83 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔تعمیراتی کام مکمل۔ہوچکا ہے کہ بڑی تعداد میں نئے جانور،پرندے اور ریپٹائلز بھی لائے گئے ہیں تاہم بیرون ملک سے بعض نئے جانور ابھی لائے جانے باقی ہیں۔
لاہور چڑیا گھر میں ہالوورس ورچوئل رئیلٹی کا نیا اضافہ کیا گیا ہے۔ ہالوورس پر تقریبا دو کروڑ روپے لاگت آئی ہے،60 ملین صرف بلڈنگ کی تعمیر پر خرچ ہوئے ہیں جبکہ 200 ملین کا سامان خریدا گیا ہے۔
لاہور چڑیا گھر کو تین سال کے لیے نجی شعبے کے حوالے کیا جائیگا۔ ٹھیکہ حاصل کرنیوالی کمپنی پارکنگ،انٹری گیٹس ،ایوری،ہالو ورس سمیت دیگر مقامات پر اپنا سٹاف تعینات کرے گی، املاک اور مشینری کی دیکھ بھال،مرمت کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی ، کمپنی بجلی سمیت دیگر یوٹیلٹی بل ادا کرنے کی بھی پابند ہوگی۔
لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر شیخ زاہد نے بتایا انہیں امید ہے کہ نیلامی 50 کروڑ تک ہوسکتی ہے۔ جبکہ ریزور پرائس 32 کروڑ روپے ہے۔
واضح رہے کہ لاہور سفاری زو کا ٹھیکہ ساڑھے 13 کروڑ روپے میں نیلام ہوا تھا،ذرائع کے مطابق سفاری زو سے نجی کمپنی چند ماہ کے دوران ہی 8 کروڑ روپے سے زائد کمائی کرچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور چڑیا گھر کی انٹری ٹکٹوں اور پارکنگ آمدن کا تخمینہ درست نہیں لگایا گیا۔ چڑیا گھر کی انٹری ٹکٹوں سے حاصل ہونیوالی آمدنی 15 سے 18 کروڑ روپے ہے جبکہ اب انٹری ٹکٹ بھی 100 روپے کردی گئی ہے۔اسی طرح پارکنگ ایریا کی آمدن ایک کروڑ 25 لاکھ روپے سالانہ سے زیادہ ہے اور اب پارکنگ ٹکٹ بھی بڑھائی جائیگی۔