اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بے نظیر کی جہدوجہد ہم سب کیلیے مشعل راہ ہے۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، وہ امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا پیکر تھیں اور ہم سب کیلئے مشعل ِ راہ تھیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں عوام کی طاقت راج کرے گی، شہید بے نظیر کے ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘کے الفاظ استبداد اور آمریت کا منہ توڑ جواب تھے جبکہ بے نظیر بھٹو کا عوامی طاقت پر گہرا اعتماد تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ایسے پاکستان کی خواہاں تھی جہاں ہر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو، شہید بے نظیر بھٹو ایسا پاکستان چاہتی جہاں انصاف ایک آسائش نہیں بلکہ حق ہو، شہید بی بی نے تمام زندگی معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی خودمختاری کیلئے کام کرنے میں صرف کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی بے پناہ جراٴت کا سفر تھی، شہید بے نظیر بھٹو ہمارے لیے تحریک اور ہمت کا باعث تھیں، وہ جمہوریت کی بحالی و استحکام ، عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کے لیے آمریتوں کے خلاف ڈٹی رہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بے نظیر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ "ناانصافی اور ظلم کے خلاف جنگ میری زندگی کی جنگ ہے"۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیربھٹو شہید آج بھی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں، شہید بے نظیر بھٹو کے پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، آن کا نظریہ آج بھی زندہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہید بی بی نے ایک متحد ، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کیلئے کام کرنے کا درس دیا، بھٹو اور ہمارے خاندان نے جمہوریت و پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے،
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے شہید بی بی کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، آئیے ، شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب کی تکمیل کیلئے مل کر کام کریں۔