ایف بی آر نے کراچی کے شادی ہالز کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی بھر کے شادی ہالوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کردیا۔
کس شادی ہال نے کتنا ٹیکس جمع کیا؟ سال بھر میں کتنے ایونٹس ہوئے؟ شادی ہالوں کے مالکان ایف بی آر کو آگاہ کریں۔
ریجنل ٹیکس آفس ون اور ٹو کراچی کے اسسٹنٹ کمشنرز نے جمعرات کو اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ ضلع شرقی کے شادی ہالز کے اچانک دورے کیے۔
ریجنل ٹیکس آفسز کی ٹیموں نے شاہراہ فیصل، نرسری ، پی ای سی ایچ ایس اور گلشن اقبال کے شادی ہالز کا سالانہ ریکارڈ بھی اکھٹا کیا۔
ریجنل ٹیکس آفس کے ایک اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق شادی ہالز مالکان سے ودہولڈنگ ٹیکس رسیدوں کے ساتھ پورے سال کی تقاریب کا ریکارڈز بھی حاصل کر رہے ہیں اور شادی ہالز کا ریکارڈ جمع کرکے متعلقہ چیف کمشنرز کو فراہم کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ شہر بھر کے شادی ہالز کے سالانہ ریکارڈ کا ایف بی آر کی آڈٹ ٹیم جانچ پڑتال کرے گی، ایف بی آر آڈٹ ٹیم ایک سال میں ہونے والی تقاریب سے شادی ہالز کی آمدن کا جائزہ بھی لے گی۔
ایف بی آر ٹیموں کے میرج ہالز اور بینکوئٹس کے اچانک دوروں سے شادی ہالز مالکان اضطراب سے دوچار ہوگئے ہیں اور انھوں نے اس ضمن میں چیئرمین ایف بی آر سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔