کراچی:
شہر قائد میں پاراچنار واقعے کے خلاف مذہبی جماعت کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر گزشتہ رات سے احتجاجی دھرنے جاری ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صرف مین شاہراہ فیصل کو کالا چھپرا کی طرف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ابوالحسن اصفہانی روڈ عباسی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ سماما شاپنگ سینٹر، اور نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر دھرنے جاری ہیں۔
نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج، نمائش چورنگی، اور شارع فیصل چھوٹا گیٹ سے قائدآباد جانے والے راستوں پر بھی مظاہرے جاری ہیں۔
رات بھر ان دھرنوں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات پر متبادل راستوں کا انتظام کیا جا رہا ہے، اور شہریوں سے درخواست ہے کہ سروس روڈ اور دیگر متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچ سکیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق، دھرنے کی صورتحال کے پیش نظر پولیس اور دیگر ادارے ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے سرگرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے صورتحال کا جائزہ لیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔