بھارتی ریاست منی پور میں کشیدگی کی ایک نئی لہر جاری ہے جب کہ انتہا پسند نریندر مودی کی حکومت حالات پر قابو پانے میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور میں جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جب کہ خطے میں حالات شدید کشیدہ ہیں۔
گزشتہ برس سے جاری فسادات کے دوران بھارتی ریاست منی پور میں کشیدگی کی ایک نئی لہر دیکھی جا رہی ہے اور مودی سرکار کی متعصبانہ پالیسی کی بدولت ریاست میں ہلاکت خیز نسلی فسادات قابو سے باہر ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی مودی سرکار منی پور کے نسلی فسادات پر قابو نہیں پاسکی، کوکی اور میتھی قبائل کے درمیان خون ریز نسلی فسادات اور فوج کے جعلی مقابلوں کے باعث کشیدگی برقرار ہے۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ حال ہی میں منی پور کی وادی امپھال میں مسلح گروپوں کے درمیان تصادم ہوا، جدید اسلحے سے لیس مسلح گروپوں کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور فسادات پر مودی سرکار کی مسلسل خاموشی پر بھی اسے شدید تنقید کا سامنا ہے، تنازع مزید بگڑ چکا ہے لیکن مودی سرکار سیاسی فائدے اٹھانے کے لیے نسلی فسادات کو ہوا دے رہی ہے۔