آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرنے پر 5 بڑی کمپنیوں پر5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
اوگرا کے چئیرمین مسرور خان کو شکایات موصول ہو ئیں کہ کچھ مشہور کمپنیاں غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرکے ہزاروں لاکھوں لوگوں کی جان خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ اوگرا کے قواعد اور ضوابط کی خلاف ورزی پر ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد 5،5 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
اوگرانے حال ہی میں ملک کے مختلف ایل پی جی پلانٹس کا معائنہ کیا۔ کچھ ایل پی جی پلانٹس جن میں (تیز گیس پرائیوٹ لمیٹڈ، دریا شاہ انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ، سائنرجی ریسورسیز پرائیوٹ لمیٹڈ،جمیسٹو انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ، عزیز گیس پرائیوٹ لمیٹڈ) شامل ہیں اوگرا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔ ان کی فراہم کردہ گیس مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتی۔
رپورٹ کے پیش نظر اوگرا نے فوری طور پران تمام متعلقہ کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ تحریری طور پر یا ذاتی طور پر اوگرا کے دفتر میں پیش ہو کر اس خلاف ورزی کی وضاحت دیں۔ کمپنیوں کے جوابات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اوگرا نے ان جوابات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر کے خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
اوگرا نے واضح کیا ہے کہ صارفین کے تحفظ اور معیار کی یقین دہانی کے لیے ایل پی جی پلانٹس کی نگرانی سختی سے جاری رکھی جائے گی۔ اتھارٹی نے تمام کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ایل پی جی ڈسٹریبیوٹر ز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے چئیرمین اوگرا مسرور خان کے ان اقدامات کو سہراتے ہوئے کہا کہ وہ اوگرا کے ساتھ ہیں اور غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرنے والوں اور غیر معیاری سلنڈر بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جاۓ تاکہ مصوم انسانی جانوں کو حادثات سے بچایا جا سکے۔ ایل پی جی ڈسٹریبیوٹر کسی بھی ایسی کمپنی کا ساتھ نہیں دیں گے جو غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرے یا اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کرے۔