راولپنڈی:
ملک میں انسداد اسمگلنگ کی مختلف کارروائیوں میں 54 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں 4 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 54 لاکھ سے زائد مالیت کی 49.250 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 250 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
اے این ایف کی دیگر کارروائیاں
نیو محمد آباد گوجرانوالہ کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 44.4 کلو چرس اور 2.4 کلو افیون برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.2 کلو چرس برآمد ہوئی۔ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب خاتون سے ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔