گھریلو صارفین اولین ترجیح؛ وزیراعظم کا گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس

گھریلو صارفین کو صبح 5 سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جا رہی ہے، اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ

اسلام آباد:

وزیراعظم نے ملک میں گیس سپلائی میں کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گیس سپلائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لانے کی ہدایت کی تاکہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سسٹم میں سرپلس آر ایل این جی موجود ہے، جس کی وجہ سے گیس لوڈ مینجمنٹ میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے۔ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہے۔ گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جارہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاور سیکٹر کو بھی گیس ڈیمانڈ کے مطابق دی جا رہی ہے۔ صارفین کی شکایات کے حوالے سے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے آن لائن ڈیش بورڈز کام کر رہے ہیں۔ ایس این جی پی ایل کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 93 فیصد جب کہ ایس ایس جی سی کی شرح 79 فیصد ہے جب کہ ملک کی تمام گیس فیلڈز فعال ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

Load Next Story