اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ پر سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے پرتحقیقات شروع کردی گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے اٹارنی جنرل نے سارہ نیتن یاہو کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کا حکم دیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے شوہر کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے میں سیاسی مخالفین اور گواہوں کو ہراساں کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت انصاف نے جمعرات کی رات گئے جاری بیان میں کہا کہ سارہ نیتن یاہو کے خلاف ٹیلی ویژن پروگرام میں چلنے والی رپورٹ کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں گی۔ اس پروگرام میں سارہ نیتن یاہو کے واٹس ایپ پیغامات دکھائے گئے ہیں جن میں وہ ایک سابق مشیر سے سیاسی مخالفین کے خلاف مظاہرے کروانے اور مقدمے کے اہم گوہ ہداس کلین کو ڈرانے دھمکانے کا کہہ رہی ہیں۔
محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں نیتن یاہو کی اہلیہ کا نام نہیں لیے بغیر تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نے ٹی وی پروگرام کی رپورٹ کو جھوٹ قرار دیا ہے۔