بھارت کا منموہن سنگھ کے انتقال پر7 روزہ سوگ، سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کا اعلان

منموہن سنگھ کی آخری رسومات ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

مرکزی اور ریاستی حکومتیںلوگوں میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں،منموہن۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر 7 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کردیا جب کہ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ  ادا کی جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2004 سے 2014 تک وزیر اعظم رہنے والے 92 منموہن سنگھ  گزشتہ روز نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے، ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

بھارتی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ منمومن سنگھ کے احترام کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پورے بھارت میں 7 روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا، سوگ یکم جنوری تک جاری رہے گا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی، ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

دوسری جانب بھارت کی کرکٹ ٹیم چوتھے ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف منموہن  سنگھ  کے احترام میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میلبورن کے میدان میں اتری۔

حکومت کی جانب سے ریاستی سطح پر آخری رسومات کی تاریخ کا فوری طور پر اعلان نہیں کیا گیا لیکن کانگریس پارٹی کے ایک سینئر رکن نے تجویز کیا یہ ہفتے کو ادا کی جائیں گی۔

Load Next Story