اسکویڈ گیم سیزن 2 مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب

اسکویڈ گیم سیزن 2 کی ریلیز کے بعد میکرز کا سیزن 3 لانے کا اعلان

نیٹ فلکس کے مقبول ترین سیریز ’اسکویڈ گیم‘ کا دوسرا سیزن آخرکار ریلیز ہوگیا ہے جس کی ریلیز کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا اس سیریز میں سات اقساط شامل ہیں اور  ہر قسط تقریباً ایک گھنٹے کی مدت کی ہے۔

ایکشن تھرلر سیریز میں مرکزی کردار نبھانے والے لی جونگ-جے اس بار مزید پُرعزم اور ایکشن میں نظر آئے جو پہلے سیزن کے آغاز میں ان کے نسبتاً پرسکون انداز سے مختلف ہے۔

دوسرے سیزن میں پہلے سیزن کے کچھ یادگار لمحات، جیسے کہ رسہ کشی اور ماربلز کا کھیل، دوبارہ تخلیق کرنا مشکل ثابت ہوا ہے تاہم نئے سیزن میں دھماکہ خیز اور دلچسپ لمحات ضرور موجود ہیں، لیکن ان کی شدت مداحوں کو پہلے سیزن کی یادوں کے سامنے کچھ کم محسوس ہوئی۔

تاہم اسکوئڈ گیم سیزن 2 دیکھنے کے لیے کئی وجوہات موجود ہیں، خاص طور پر ان ناظرین کے لیے جو ابھی تک اس شو سے واقف نہیں کیونکہ یہ سیزن دنیا کی طبقاتی تقسیم، مالیاتی مسائل اور طاقت کے استحصال جیسے موضوعات پر روشنی ڈالتا ہے۔

شائقین کے لیے یہ ایک منفرد تجربہ ہے، جہاں بچوں کے کھیلوں کے ذریعے سماجی ناہمواریوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ’اسکویڈ گیم‘ کا یہ نیا سیزن کامیابی کے قریب ترین ہے اور ناظرین اسے بےحد پسند کر رہے ہیں۔

دوسرے سیزن کی ریلیز کے ساتھ ہی میکرز نے اسکوئڈ گیم کے تیسرے سیزن کا اعلان بھی کردیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ تیسرا سیزن زیادہ سنسی خیز اور شاندار ہوگا کیونکہ یہ ممکنہ طور پر اس سیریز کا آخری سیزن ہوگا۔

 ایک  انٹرویو میں انہوں نے ایک نئے دیو قامت گڑیا کردار، چول سو، کے بارے میں انکشاف کیا۔ یہ کردار مشہور گڑیا ’یونگ ہی‘ کی طرح ہوگا اور اس کا تعارف تیسرے سیزن میں کرایا جائے گا۔ ڈونگ ہائک نے کہا، ’چول سو نہ صرف نیا کردار ہے بلکہ یہ تیسرے سیزن کے سب سے دلچسپ گیم کی بھی جھلک فراہم کرتا ہے‘۔

مزید تفصیلات ظاہر نہ کرتے ہوئے انہوں نے ناظرین کو تیسرے سیزن کے لیے پرجوش رہنے کی امید دلائی جبکہ یہ بھی بتایا کہ اگلے سیزن کیلئے انہیں زیادہ لمبا عرصہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اسے 2025 میں ریلیز کردیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ اسکوئڈ گیم سیزن 2، 26 دسمبر کو ریلیز ہوا ہے جس میں اداکار لی جنگ جے (گی ہن، پلیئر 456)، لی بیونگ ہن، وی ہا جون اور جو یوری نے بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ 

Load Next Story

انٹرٹینمنٹ

رائے