اسلام آباد:
ملک میں ترسیلاتِ زر اور برآمدات کی صورت حال اور اس حوالے سے درست اعداد و شمار کی رپورٹ سامنے آ گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ معاشی آؤٹ لُک رپورٹ جاری کردی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ میں ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ ساتھ ہی درآمدات، بیرونی سرمایہ کاری، زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے مالی ذخائر 7.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11.85 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال ترسیلات زر میں 33.6 فیصد کا اضافہ ہونا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں ترسیلاتِ زر 14.77 ارب ڈالر رہیں۔ جولائی تا نومبر (5 ماہ میں) برآمدات 7.4 فیصد اور درآمدات 8.3 فیصد بڑھیں۔ علاوہ ازیں کُل بیرونی سرمایہ کاری میں 42.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اسی طرح 4ماہ میں ایف بی آر محصولات میں 23.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ نان ٹیکس آمدنی میں 101.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 4ماہ میں مالی خسارہ 495 ارب روپے سرپلس رہا اور زرعی شعبے کو قرضوں میں 8.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر افراط زر کی شرح 29.2 فیصد سے کم ہوکر 4.9 فیصد پر آگئی۔ اسی طرح بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5 ماہ میں 0.02 فیصد کا اضافہ ہوا۔