لاہور:
پاکستان ریلوے نے مزید مسافر گاڑیاں رابطہ ایپ پر شفٹ کرنے کی تیاری کرلی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ریلوے نے مزید مسافر گاڑیوں کو رابطہ ایپ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جن میں لاہور کراچی کے مابین چلنے والی قراقرم ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کراچی اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی ملت ایکسپریس کو بھی رابطہ پر شفٹ کیا جائے گا۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں مسافر گاڑیاں پانچ جنوری سے رابطہ ایپ پر شفٹ کردی جائیں گی۔
اس سے پہلے کراچی ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس اور خیبر میل ایکسپریس کو بھی رابطہ ایپ پر شفٹ کیا جاچکا ہے۔ رابطہ ایپ کے ذریعے مسافر ریل گاڑیوں میں اپنی نشست آن لائن بک کراسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی سبک رفتار اور اسلام آباد ایکسپریس کی بکنگ پہلے ہی رابطہ ایپ کے ذریعے ہورہی ہے۔