کراچی:
پاکستان پیپلزپارٹی کے میڈیکل ونگ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن نیازاحمد خاصخیلی نے کہا ہے کہ شہید بے نظیربھٹو ملک میں جمہوریت کی سربلندی کی جدوجہد میں شہید ہوئیں۔
گڑھی خدابخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیاز خاصخیلی نے کہا کہ بھٹو خاندان قربانیاں دے کر عوام کی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کے لیڈران نے ملک وقوم کے لیے جانوں کی قربانیاں دیں، پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جو غریبوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ملک و قوم کی بہتری، خوشحالی اور ترقی کے لیے جس سفر کو شروع کیا وہ سلسلہ شہید بے نظیر بھٹو نے بے مثل انداز میں آگے بڑھایا اور آج آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اس مشن کے لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
نیازاحمد خاصخیلی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
قبل ازیں نیاز احمد خاصخیلی نے ساتھیوں کے ہمراہ گڑھی خدابخش پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔