ملائکہ اروڑہ نے ارجن کپور کیساتھ بریک اپ پر خاموشی توڑ دی

ارجن کپور نے جو کچھ بھی کہا، وہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، ملائکہ


ویب ڈیسک December 28, 2024

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ، ڈانسر اور ماڈل ملائکہ اروڑا نے آخرکار اداکار ارجن کپور کے علیحدگی کے اعلان کے بعد اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اہم بیان دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ اور ارجن کے درمیان علیحدگی کی افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی تھیں، جن کی تصدیق ارجن کپور نے اس سال دیوالی پارٹی کے دوران یہ کہتے ہوئے کی کہ وہ اب ’سنگل‘ ہیں ارجن کے اس بیان کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی تاہم ملائکہ نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

 والد کی خودکشی جیسے بڑے حادثے کے بعد ملائکہ نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی تھی، تاہم حالیہ انٹرویو میں انہوں نے ارجن سے تعلقات ختم ہونے پر اپنا پہلا بیان دے دیا ہے۔

ملائکہ اروڑا کا کہنا تھا کہ وہ ایک نجی شخصیت ہیں اور اپنی زندگی کے کچھ پہلو سب کے سامنے بیان کرنا نہیں چاہتیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی پر بات کرنے کے لیے کبھی بھی سوشل میڈیا کا سہارا نہیں لیں گی، اور ارجن کپور نے جو کچھ بھی کہا، وہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سال کئی وجوہات کی بنا پر ان کے لیے بہت مشکل رہا، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وہ ان واقعات سے آگے بڑھیں۔ اداکارہ کہا کہ وہ پرانی باتوں کو بھول کر نئے سال میں اپنی زندگی کی ایک نئی شروعات کرنا چاہتی ہیں۔

یاد رہے کہ ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور 2018 سے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار  تھے۔ ملائکہ نے اپنے سابق شوہر ارباز خان سے طلاق کے بعد ارجن کے ساتھ اپنی زندگی کا آغاز کیا تھا تاہم اب دونوں میں بریک اپ ہوچکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں