شہریار منور اور ماہین صدیقی شادی کے بندھن میں بندھ گئے
مداحوں کی جانب سے اس جوڑے کو نئی زندگی کی شروعات پر مبارکباد دی جارہی ہے
ویب ڈیسک |
December 28, 2024
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور اور اداکارہ ماہین صدیقی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں اس خوبصورت جوڑی کو نکاح نامہ تھامے دیکھا جا سکتا ہے۔ دونوں نے اس خاص دن پر سفید اور سنہرے رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے۔
شادی کی تقریبات کا آغاز ڈھولکی سے ہوا، جس میں ماہرہ خان، مومل شیخ، احد رضا میر، عدیل حسین، جمی خان اور علی حمزہ سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔ اس کے بعد قوالی نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جہاں راحت فتح علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ تقریبات کے دوران شہریار منور اور ماہین صدیقی مختلف روایتی لباسوں میں نظر آئے، جنہیں مداحوں نے بے حد پسند کیا۔
ہلدی کی تقریب میں ماہین صدیقی نے پیلے رنگ کا جوڑا جبکہ شہریار منور نے آسمانی رنگ کا کُرتا زیب تن کیا، جو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔
یاد رہے کہ شہریار منور نے 2012 میں ڈرامہ سیریل 'میرے درد کو جو زبان ملے' سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور 'زندگی گلزار ہے' میں معاون کردار سے شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں، انہوں نے فلم 'ہو من جہاں' میں اداکاری اور پروڈکشن کے جوہر دکھائے۔
ماہین صدیقی بھی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں، جنہوں نے مختصر عرصے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
مداحوں کی جانب سے اس جوڑے کو نئی زندگی کی شروعات پر مبارکباد دی جارہی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔
Load Next Story