لاہور:
فرائض سے غفلت برتنے، محکمہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پنجاب پولیس کے 14 افسران اور اہلکاروں کو سزائیں سنادی گئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے مختلف کوتاہیوں پر اہلکاروں کو جاری 18 شوکاز نوٹسز کی سنوائی کی اور 10 اہلکاروں کو موقع پر سزائیں سنادیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اردل روم میں فیصلے سناتے ہوئے کہا کہ سروس و تنخواہ ضبطگی، انکریمنٹ اسٹاپ و دیگر سزائیں دی گئیں، 4 اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں درست کرنے کیلئے آخر ی وارننگ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بہترین فورس کی تشکیل کیلئے محکمانہ احتساب کلیدی کردار ادا کرتا ہے، لاہور پولیس میں کام چوری، بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں، اختیارات سے تجاوز کرنے والے عوام اور پولیس فورس دونوں کے دشمن ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، کرپشن،اختیارات سے تجاوز پر کڑا احتساب ہو گا، ایمانداری سے فرائض سر انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، چند کالی بھیڑوں کو پورے محکمہ کی بدنامی کا باعث نہیں بننے دیں گے۔