سپریم کورٹ نے مزیدارکان کی دہری شہریت کی تفصیلات مانگ لیں

رحمن ملک کے بیان اور شہنازشیخ کی آسٹریلوی شہریت کی خبرکابھی نوٹس،27 ستمبرتک شواہدطلب


Numainda Express September 23, 2012
رحمن ملک کے بیان اور شہنازشیخ کی آسٹریلوی شہریت کی خبرکابھی نوٹس،27 ستمبرتک شواہدطلب۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دہری شہریت کے حامل مزید پارلیمنٹیرین اور ارکان صوبائی اسمبلیوں کے بارے میں اخباری خبر اور رحمن ملک کے بیان کا نوٹس لے کر رپورٹر، رحمٰن ملک اور ممبر قومی اسمبلی شہناز شیخ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

چیف جسٹس نے اخبارات میں بعنوان'' بہت سے دُہری شہریت کے حامل ایم پی ایز اب بھی اسمبلیوں میں ہیں''کومدنظر رکھتے ہوئے رپورٹر اورسینیٹر رحمٰن ملک کوخطوط ارسال کر نے کی ہدایت کی تھی تاکہ وہ دعوے کوثابت کرنے کیلیے تفصیلات فراہم کریں اورعدالت سب کے ساتھ آئین کے آرٹیکل25 اور 5 کے تحت یکساں سلوک کرسکے۔ علاوہ ازیںایم این اے بیگم شہناز شیخ کوبذریعہ سیکریٹری قومی اسمبلی خط لکھنے کیلیے کہا گیا تھا تاکہ متعلقہ معلومات کی تصدیق کی جاسکے۔

شائع ہونے والی خبر میں یہ بیان کیا گیا کہ بیگم شہنازشیخ، سابق وزیرمملکت برائے صحت اورمسلم لیگ ق کی ایم این اے ایک آسٹریلین پاکستانی ہیں جوکم از کم 16سال آسٹریلین شہری رہ چکی ہیں۔ وزیرداخلہ رحمٰن ملک کی طرف سے منسوب یہ کہا گیا کہ کافی تعدادمیں قانون بنانے والے اب بھی اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، اگرکہا گیا تو وہ اس الزام کو ثابت کرنے کیلیے شہادت پیش کریںگے۔

چیف جسٹس کی ہدایت پر مذکورہ افرادکوخط لکھ دیا گیا ہے جس میںکہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل5 کے تحت مملکت سے وفاداری ہر شہری کا بنیادی فرض ہے اور یہ کہ دستور اور قانون کی اطاعت ہر شہری خواہ وہ کہیں بھی ہو اور ہر اس شخص کی جو فی الوقت پاکستان میں ہو، واجب التعمیل ذمے داری ہے تاکہ عدالت سب کے ساتھ آئین کے آرٹیکل 25 اور 5 کے تحت یکساں سلوک کرے۔ تمام معلومات 27 ستمبر 2012ء تک یا اس سے قبل فراہم کرنے کیلیے کہا گیا ہے تاکہ اگر ضرورت ہو تو مزیدکارروائی کی جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں