2024

پی ٹی آئی کا ملٹری کورٹس سے کارکنوں کو ملنے والی سزاؤں کے خلاف اپیل کا فیصلہ

سویلینز کا ملٹری ٹرائل غیر قانونی ہے، رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، علی زمان ایڈووکیٹ


ویب ڈیسک December 28, 2024
(فوٹو: فائل)

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کارکنوں کو ملٹری کورٹس سے ملنے والی سزاﺅں کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اپیلیں جلد  دائر کی جائیں گی۔

انصاف لائرز فورم کے صدر قاضی انور ایڈووکیٹ کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وکلا 9 مئی واقعات کے بعد پکڑے جانے والے ورکرز کی سزائیں کالعدم قراردینے کے لیے اپیلیں دائر کریں گے۔

اس حوالے سے ویڈیو پیغام میں علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سویلینز کا ملٹری ٹرائل غیر قانونی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف 9مئی واقعات کے بعد غیرقانونی اورمن گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جس سے پوری قوم واقف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب کئی ورکرز کے ٹرائل ملٹری کورٹس میں کرکے انہیں سزائیں دی گئی ہیں جس کے خلاف قانونی راستہ اپنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں تیار کررہے ہیں جو جلد پشاورہائی کورٹ میں جمع کی جائیں گی۔

علی زمان ایڈووکیٹ نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ ہمیں انصاف دے گی اور سزایافتہ ملزمان کو سننے اور انہیں صاف وشفاف ٹرائل کا موقع فراہم کرے گی اور ان سزاﺅں کو کالعدم قراردے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جتنے لیڈرز اور ورکرز کو گرفتار کیا گیا ہے، انہیں وکلا مفت قانونی امداد فراہم کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں