2024

کراچی؛ جعل سازی سے شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور خواتین ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کا تعلق دوسرے ملک سے ہے اور 2022 سے مطلوب تھیں، ترجمان ایف آئی اے


آفتاب خان December 28, 2024
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان 2022 سے مطلوب تھیں—فوٹو: ایف آئی اے

کراچی:

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور خواتین ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تینوں خواتین ملزمان کو گلشن اقبال کراچی سے گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور 2022 سے مطلوب تھیں اور ملزمان نے غیر ملکی ہونے کے باوجود قومی شناختی کارڈ حاصل کرلیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعل سازی سے قوم شناختی کارڈز حاصل کیے، ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ ڈے اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سیکریٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاؤن نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیے، ملزمان نے مذکورہ دستاویزات کی بدولت شناختی کارڈ حاصل کیے۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات وسیع کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نادرا اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا اور ملزمان کی نشان دہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں