کل غزہ ملین مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہو ں گے، حافظ نعیم کی پریس کانفرنس
حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل غزہ ملین مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہو ں گے اللہ نے چاہا تو غزہ ملین مارچ ہماری طرف سے بین الاقوامی دنیا پر ایک مثبت اثر ڈالے گا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے غزہ ملین مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کا وجود کلمے کی بنیاد پر ہوا ہے اور پاکستان کے لئے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن پاکستان کے نظام میں وہ تمام چیزیں حاصل نا ہو سکی جس کے لئے یہ ملک بنا تھا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہر مسئلے پو لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے پاکستان کے بننے سے پہلے ایک قرارداد پاکستان کے لئے اور دوسری فلسطین کے لئے پیش کی جاتی تھی۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اسی لئے اسرائیل کو مغرب کی ناجائز پیداوار قرار دیا،42400 لوگ وہ ہیں جو شہید ہوئے اور رپورٹ کیا گیا، کل بھی اسرائیل کی جانب سے اسپتال پر حملہ کیا گیا، یہ نسل کشی اور دہشتگردی ہے جس کو امریکا لیڈ کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فلسطین کی نسل کشی سے امریکا کو فرق نہیں پڑتا یہ وہی امریکا ہے جس نے جاپان پر ایٹم بم پھینکا تھا آج فلسطین میں بچے اور عورتیں شہید ہو رہی ہیں جتنی سردی یہاں ہے اس سے کئی گنا زیادہ سردی فلسطین میں ہے ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا ہے۔