کراچی میں رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ریکارڈ، مزید ٹھنڈ بڑھنے کا امکان

یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے ذیادہ محسوس ہوسکتی ہے


اسٹاف رپورٹر December 28, 2024
—فوٹو: فائل

کراچی:

گزشتہ رات شہر میں رواں موسمِ سرما کی سرد ترین رات رہی، ہفتے کی صبح کم سےکم پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری کمی سے 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے ذیادہ محسوس ہوسکتی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں 8 ڈگری جبکہ  ذیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے، صوبے بھر میں سردی کی شدید لہر بدستور برقرار ہے۔

دیہی سندھ کے تھرپارکر اور بلوچستان کی شمال مشرقی اور شمال مغربی سمت کی یخ بستہ ہواؤں کے باعث شہر میں سردی کی لہر برقرار ہے محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کے سرکاری ڈیٹا مرتب کرنے کے حامل مرکزی ویدر اسٹیشن پر کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، گلستان جوہر میں درجہ حرارت 6.5 ڈگری تک کم ہوا۔

دیگر ویدر اسٹیشنز کے اعداد وشمار کے مطابق جناح ٹرمینل پر 8 ڈگری، شاہراہ فیصل 8.5 ڈگری، ماڑی پور9 ڈگری، بن قاسم میں 9.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سرد ترین رات رہی تاہم سردی کاسابقہ ریکارڈ نہیں ٹوٹا،14 دسمبرسن 1986 کو شہر کا کم سے کم پارہ 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے، ہفتے کو شہر میں چلنے والی ہواوں کی رفتار20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

مختلف اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 3 سے5 ڈگری کم ریکارڈ ہوسکتے ہیں جبکہ بالائی اور وسطی اضلاع میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں