سال2024 میں امراض قلب کے کتنے مریضوں کا علاج کیا گیا؟ این آئی سی وی ڈی نے رپورٹ جاری کر دی

سال 2024 میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کراچی میں 13 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق سال 2024 میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کراچی میں 13 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔

این آئی سی وی ڈی دنیا کا سب سے بڑا مفت امراض قلب کا اسپتال بن چکا ہے، این آئی سی وی ڈی نے دل کے بائی پاس آپریشنز، پرائمری انجیوپلاسٹیز اور دیگر جدید پروسیجرز بغیر کسی معاوضے کے انجام دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2024 میں این آئی سی وی ڈی کراچی میں 13 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اسپتال نے 9,857 پرائمری انجیوپلاسٹیز ہوچکی ہیں، اس کے علاوہ 18,000 انجیوگرافیز، 2,020 پیڈیاٹرک کیتھٹرازیشنز اور 1,702 بڑوں کی اوپن ہارٹ سرجریز کی گئیں۔

ایکو کارڈیوگرامز کی تعداد 90,000 سے تجاوز کر گئی جبکہ 54,347 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا، پورے ملک سے آنے والے 160,427 مریضوں نے این آئی سی وی ڈی کی خدمات حاصل کیں، جن میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے افراد شامل تھے۔

بلوچستان کے بچوں کے لیے کوئٹہ میں شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے فروری 2024 میں پیڈیاٹرک کارڈیک خدمات کا آغاز کیا گیا یہاں 45 پیڈیاٹرک سرجریز، 102 انٹروینشنز اور 4,500 بچوں کی او پی ڈی خدمات فراہم کی گئیں، جن میں پیچیدہ کیسز کو کراچی منتقل کیا گیا۔

این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ اسپتال کا مقصد ہر مریض کو جدید اور مفت علاج فراہم کرنا ہے چاہے ان کا تعلق کسی بھی علاقے یا پس منظر سے ہو، یہ کامیابی حکومت سندھ کی مدد اور این آئی سی وی ڈی کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

Load Next Story