اسلام آباد:
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) سے اتحاد کے حوالے سے بیان پر حکومتی سینیٹر کا ردعمل بھی آگیا۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مخلوط حکومت میں اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر پی پی پی کے ساتھ اپنی شراکت داری مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں سے کامیابی سے نکالا ہے۔
سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
پی پی پی کے تحفظات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعت کے ساتھ آئندہ بھی تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کریں گے۔