کراچی، مومن آباد میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ کومبنگ اور سرچ آپریشن
مومن آباد کے علاقے بسمہ اللّٰہ کالونی میں پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ کومبنگ اور سرچ آپریشن کیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی کے مطابق یہ آپریشن انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا تاکہ علاقے میں جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔
آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز نے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی۔ بائیومیٹرک تلاش ڈیوائس کے ذریعے مشتبہ افراد کی تصدیق کی گئی اور غیر ملکیوں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا۔
اس آپریشن کا مقصد نہ صرف جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنا تھا بلکہ منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی بیخ کنی کرنا تھا۔
کومبنگ اور سرچ آپریشن کی نگرانی ایس ڈی پی او اورنگی نے کی جبکہ ایس ایچ او مومن آباد، سندھ رینجرز کے افسران، جوان، لیڈیز اسٹاف اور انٹیلیجنس اسٹاف نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے پولیس اور رینجرز کی جانب سے جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس کے ذریعے شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے مسلسل آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔