کراچی:
بین الاقوامی سطح پر پروفیشنل باکسنگ میں پاکستان کا نام بلند کرنے والے ایشین چیمپئن سندھ پولیس کے جوان شہیر آفریدی نے ایک اور کامیابی حاصل کر لی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ہونیوالی رینکنگ فائٹ میں شہیر آفریدی نے تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے باکسر کو شکست دیکر فتح اپنے نام کی۔
شہیر آفریدی میں 8 راؤنڈز پر مشتمل فائٹ کے چوتھے ہی راؤنڈ میں اپنے حریف عجمی امانی کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کر ڈالا،حریف باکسر شہیر آریدی کے تابڑ توڑ مکوں کا سامنا نہ کر سکا اور شکست پر مجبور ہو گیا۔
اس کامیابی کے بعد شہیر آفریدی مڈل ویٹ کی عالمی درجے بندی کے ٹاپ 60 باکسرز میں شامل ہو گئے، پروفیشنل باکسنگ مقابلوں میں 15 ویں کامیابی پانے والے شہیرآفریدی نے اپنی جیت کو پاک افواج کے شہدا کے نام کیا۔
واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں تھائی لینڈ میں منعقدہ انٹرنیشنل فائٹ میں شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر رونت سولنکی کو تیسرے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کرکے ایشین چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔