پاکستانی ریپر طلحہ انجم کی ڈیبیو فلم ’’کٹر کراچی‘‘ کا پریمیئر گزشتہ روز کراچی کے مقامی سینما میں ہوا، جہاں مختلف شوبز ستاروں نے شرکت کی۔
گلوکار طلحہ انجم نے اپنی اس فلم کے ذریعے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا طلحہ فلمی ناقدین کی توجہ بھی اسی طرح حاصل کرپائیں گے۔
’’کٹر کراچی‘‘ کی کہانی کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور حکمرانی کے خواب سجانے والوں کی عکاسی کرتی ہے۔ مذکورہ فلم کا پریمئیر اور ریڈ کارپیٹ کی تقریب کراچی کے مقامی سینما میں منعقد ہوئی جس میں شوبز اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد اور طلحہ انجم کے مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فلم ’’کٹر کراچی‘‘ کے ڈائریٹر عبدالولی بلوچ ہیں، جن کا کہنا تھا کہ یہ فلم کراچی کے ہر شہری کے لیے ہے۔ فلم میں مرکزی کردار طلحہ انجم اور کنزہ ہاشمی نے ادا کیے ہیں۔
فلم پریمیئر میں شریک اداکار یاسر حسین اور وجاہت رؤف سمیت دیگر فنکاروں نے فلم کو سراہا۔ تاہم توقع کے برعکس یہ فلم شائقین کے دل جیتنے میں اب تک ناکام نظر آئی ہے۔