کراچی:
ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے مذہبی جماعت سے اپیل کی ہے کہ کرم واقعے پر جرگے نے فیصلہ کرلیا ہے، اب کراچی میں احتجاج ختم کردینا چاہیے۔
صوبائی حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ سانحہ کرم پر ہم سب غم زدہ ہیں، افسوس کا اظہار کرتے ہیں،کرم واقعے پر جرگے نے فیصلہ کرلیا ہے، اب کراچی میں احتجاج ختم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مذہبی جماعت کراچی کے شہریوں کی تکلیف کو سمجھے، کراچی کے شہری سڑکیں اور راستے بند ہونے پر شدید پریشان ہیں۔
سعدیہ جاوید نے شعیہ علمائے کرام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں احتجاج ختم کرانے میں کردار ادا کریں۔
ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں احتجاج کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ایمبولینس سمیت دیگر اشیاء ضروریہ پہنچانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے پیش کش کی کہ اگر مذہبی جماعت کو احتجاج جاری رکھنا ہے، تو شہر کے گراؤنڈز یا پریس کلب کے باہر تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ ہم مذہبی جماعت کی قیادت سمیت علماء سے عام شہری کی حیثیت سے اپیل کررہے ہیں۔