OSLO:
اوسلو ایئرپورٹ پر نیدرلینڈز کی ایئرلائن کا طیارہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث رن وے سے اترگیا، طیارے میں عملے سمیت 176مسافر سوار تھے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کی رائل ڈچ ایئرلائن کے ایل ایم کا بوئنگ 737 طیارے نے نیدرلینڈ کے لیے اڑان بھری ہی تھی کہ کسی خرابی کا احساس ہونے پر پائلٹ نے طیارے کو اوسلو سے 110 کلومیٹر کی دوری پر واقع سنڈیفجورڈ ایئرپورٹ پر اتارنے کی کوشش کی۔
ہنگامی لینڈنگ کی اجازت ملنے پر پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت اتارلیا تاہم اس دوران لینڈنگ گیئر میں ہونےو الی خرابی کے باعث طیارہ رن وے سے اتر کر دور تک چلا گیا۔ اس ضمن میں ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی آگئی تھی جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ایک دن میں طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث ہونے والا یہ تیسرا حادثہ ہے، قبل ازیں جنوبی کوریا میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کے باعث طیارہ ایئرپورٹ پر دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس میں 177 افراد ہلاک ہوئے۔
اسی طرح ایئرکینیڈا کا طیارہ بھی ہیلی فیکس ایئرپورٹ پر لینڈنگ گیئر پھنسنے سے رن وے سے اترگیا تھا، اور اب یہ اسی طرح کا تیسرا واقعہ رونما ہوا ہے۔