کراچی:
قومی کرکٹ ٹیم سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے چیمپینز ٹرافی میں ٹیم سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی قومی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے وکٹری اسٹینڈ تک رسائی کر سکتی ہے۔
اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کراچی میں منشی پریمیئر لیگ سیزن فور کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں اچھی کارکردگی پیش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور پھر زمبابوے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف کارکردگی کو مد نظر رکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ پاکستانی ٹیم چیمپینز ٹرافی میں ضرور وکٹری اسٹینڈ پر پہنچ کر ملک کا ہلالی پرچم بلند کرے گی۔
یونس خان نے کہا کہ پاک-بھارت کرکٹ کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سے کھیل کو تقویت ملے گی اور پاک-بھارت تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ میں کمیونٹی کرکٹ اہم ہے، پی سی بی نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کمیونٹی کرکٹ کو سپورٹ کرے۔
اصغرعلی شاہ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سید بادشاہ کلب نے مولوی لائنز کو7 وکٹوں سے شکست دی اور مہمان خصوصی یونس خان نے انعامات تقسیم کیے۔