اسرائیل کی غزہ اسپتال میں کارروائی،  ڈاکٹروں سمیت 240 فلسطینی زیرحراست

اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ کی خیریت سے متعلق تشویش ہے کیونکہ اسرائیلی فوج تشدد کر رہی ہے، وزارت صحت

اسرائیل کی کمال عدوان اسپتال سے مریضوں کو بھی بے دخل کردیا—فوٹو: رائٹرز

GAZA:

اسرائیل کی فوج نے شمالی غزہ کے ایک اسپتال میں کارروائی کے بعد ڈاکٹروں اور طبی عملے کے درجنوں ارکان سمیت 240 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل فوج نے کمال عدوان اسپتال کے ڈٓائریکٹرحسام ابو صافیا کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ حسام ابو صفیہ کہ خیریت کے حوالے سے تشویش ہے کیونکہ اسرائیل فوج کی جانب سے رہا کیے گئے متعدد افراد نے بتایا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اسپتال کو حماس کی عسکری کارروائیوں ک لیے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا اور گرفتار افراد مشتبہ افراد ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حسام ابوصفیہ کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا کیونکہ ان پر حماس کا رکن ہونے کا شبہ ہے۔

واضح رہے کہ حماس نے اسرائیل کے اس دعوے کو یکسر مسترد کردیا تھا کہ وہ مذکورہ اسپتال کو عسکری کارروائیوں کے لیے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

حماس نے بیان میں بتایا تھا کہ اسپتال میں حماس کا کوئی رکن موجود نہیں تھا تاہم حماس نے 240 افراد کی حراست کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل فوج کی مسلط کردہ غزہ جنگ میں ایک سال سے زائد عرصے میں وحشیانہ کارروائیوں کے دوران 45 ہزار 400 سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، اسی طرح 23 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں اور غزہ میں غذائی اجناس اور ادویات کی قلت ہے۔

Load Next Story