بھارت میں سفاک شوہر نے تیسری بیٹی کی پیدائش پر بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق واقعہ جمعرات کو بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں 32 سالہ کندلیپ اتم کالے نے اپنی بیوی مائنا پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
خاتون کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے مطابق تیسری بیٹی کی پیدائش کے بعد سے کندلیپ اپنی بیوی کو طعنے دیتا تھا، وہ چاہتا تھا کہ اس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہو اور اسی وجہ سے ان کے درمیان لڑائی جھگڑے رہتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی پر شوہر نے غصے میں آکر بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے بعد وہ مدد کے لیے گھر سے باہر بھاگی اور پڑوسیوں نے لگی آگ بجھائی تاہم اس کا جسم جھلس گیا تھا اور اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی چل بسی۔
پولیس نے اس کے شوہر کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔