کراچی، مذہبی جماعت کے شہر میں 12 مختلف مقامات پر دھرنے جاری
مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنے جاری ہیں، تاہم ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر کی بیشتر سڑکوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، دھرنوں کے مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کراچی میں مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر دیا گیا ہے۔
جب کہ دیگر دھرنوں کے مقامات میں گلستان جوہر کامران چورنگی، ابو الحسن اصفہانی روڈ، نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی، یونیورسٹی روڈ، سرجانی روڈ، انچولی، نواب صدیق علی خان روڈ، چورنگی ناظم آباد، پاور ہائوس چورنگی، مین عائشہ منزل اور کورنگی نمبر ڈھائی شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا ہے کہ شارع فیصل کے دونوں ٹریکس پر ٹریفک کی روانی برقرار ہے، اور شہر میں گاڑیوں کا رش معمول کے مطابق ہے۔ تاہم، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ احتجاجی مقامات سے دور رہیں۔
ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ مسافر حضرات سے گزارش ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اگر احتجاجی علاقوں میں جانا ضروری ہو تو متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ پریشانی سے بچا جا سکے۔ شہریوں کو رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مذہبی جماعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی مقام پر دھرنا ختم نہیں کیا گیا ہے۔