انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

8 مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 1478.494 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی


ویب ڈیسک December 30, 2024
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے:فوٹو:فائل

راولپنڈی:

ملک میں انسداد اسمگلنگ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق مختلف شہروں میں منشیات کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران 8  مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان  کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی  1478.494 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 498 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اُدھر بلوچستان میں پشین کے پہاڑی علاقے سرانان سے 1452 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جب کہ مغربی بائی پاس کوئٹہ میں خیزی چوک کے قریب  گاڑی سے 20 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

رِنگ روڈ پشاور کے قریب ملزم کے بیگ سے سولر پمپس  میں چھپائی گئی 4.8 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر لاہور میں واقع کارگو آفس میں اسلام آباد سے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 61 گرام کوکین برآمد ہوئی جب کہ ایک اور کوریئر آفس میں 2 کارروائیوں میں پارسلز سے 525 گرام وزنی 620 عدد نشہ آور ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ یہ پارسلز  لکی مروت سے بہاولپور اور لاہور بھیجے جانے تھے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں  ٹیپو سلطان روڈ کے قریب 2موٹرسائیکل سواروں کے قبضے سے 610 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔

اے این ایف حکام نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں