فتح جنگ اور نوشہرو فیروز میں ٹریفک حادثات؛ 16 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
مختلف ٹریفک حادثات میں 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 14 فتح جنگ کے ایک بس حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کو حادثہ ڈرائیور کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تمام لاشوں و زخمیوں کو ٹی ایچ کیو فتح جنگ منتقل کر دیا گیا ۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس بہاولپور سے اسلام آباد کی جانب جا رہی تھی۔
دوسری جانب سندھ میں ضلع نوشہرو فیروز میں مورو نامی علاقے کے قریب ایک وین اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد نواب شاہ منتقل کیے گئے 10 زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندان ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس آ رہا تھا۔
علاوہ ازیں ضلع جنگ میں گڑھ موڑ کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ہائی رؤف میں ٹکراؤ کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہائی روف کے بریک فیل ہونا حادثے کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ متاثرہ گاڑی فیصل آباد سے فتح پور کی جانب جا رہی تھی۔