توشہ خانہ 2؛ عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش
توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جہاں عدالت میں عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست پیش کردی گئی۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی موجود تھے جب کہ بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی۔ا سی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔
گواہ نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔ گواہ کی جانب سے توشہ خانہ 2 کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 108تحائف کی فہرست عدالت پیش کر دی گئی۔ علاوہ ازیں گواہ نے توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق 2رجسٹر بھی عدالت پیش کردیے۔
گواہ نے پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت پیش کر دیا۔
واضح رہے کہ کیس میں مجموعی طور پر 3گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔