میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیکر سیریز میں2-1 کی برتری حاصل کرلی

بھارت کی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے جواب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت کے 9 کھلاڑی ڈبل فگرز میں ہی نہ جا سکے۔

میلبرن:

آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے 5ویں روز بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔

5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پانچویں روز بھارت کی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے جواب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت کے 9 کھلاڑی ڈبل فگرز میں ہی نہ جا سکے۔

بھارت کے یشسوی جیسوال84اور رشبھ پنت 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،  کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3، وکٹیں سمیٹیں جب کہ اسپنر نیتھن لوئن نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ان کے علاوہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ کو ایک ایک وکٹ ملی، آسٹریلوی بولرز نے بھارت کی آخری سات وکٹیں محض 34 رنز کےاضافے سے گرا دیں،  انڈیا کے 121 رنز پر 3 کھلاڑی آوٹ تھے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو دونوں اننگز میں 3، 3، وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے ساتھ کینگروز نے 5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔

اس شکست کا مطلب ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی بھارت کی امیدیں تقریبا دم توڑ گئیں، لیکن سڈنی میں فتح کے ساتھ  سیریزکو برابر کرکے وہ بارڈر-گاوسکر ٹرافی کو اپنے پاس  برقرار رکھ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان-جنوبی افریقہ میچ کے ساتھ ہی ٹیسٹ چمپیئن شپ کی فائنل ٹیم کی تصدیق

آسٹریلیا کو فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سڈنی ٹیسٹ جیتنا یا ڈرا کرناہوگا، بھارت کے پاس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف ایک جب کہ آسٹریلیا کے پاس 3 میچ باقی ہیں،
آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

آسٹریلیا آخری ٹیسٹ میں جیت کے ساتھ 3-1 کے مارجن سے سیریز جیت کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنی جگہ  پکی کرلے گا جب کہ پروٹیز پہلے ہی پاکستان کو شکست دے کر فانئل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں  میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 1937 میں  3 لاکھ 50 ہزار 534 کرکٹ شائقین نے میدان کا رخ کیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی کہ میچ کے 5ویں دن پہلے سیشن کو دیکھنے کے لیے 51 ہزار 371 میدان میں آچکے تھے۔

اتنی بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کا مطلب یہ ہے کہ 2024 کے ایم سی جی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کو اس میچ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا جو سر ڈونلڈ بریڈمین کی قیادت میں آسٹریلیا نے اس گراؤنڈ پر جنوری 1937 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جو 6 دنوں تک جاری رہا تھا۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے شائقین کی آمد بالکل غیر معمولی رہی ہے جس کی روزانہ کی تعداد بالترتیب87 ہزار، 85 ہزار، 83 ہزار، 43 ہزار اور 51 ہزار  سے زیادہ رہی۔

ایم سی جی میں شائقین کی ریکارڈ تعداد 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کا میچ دیکھنے آئی تھی، اس میچ کو 90 ہزار 293 شائقین نے دیکھا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھارت اور زمبابوے کے میچ کو دیکھنے کے لیے 82 ہزار 507 لوگوں نے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔

 

Load Next Story