اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کیساتھ کاروبار جاری، انڈیکس کی 4سطحیں بحال
اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس کی 4سطحیں بحال ہو گئیں۔
پیر کے روز بازارِ حصص میں مارکیٹ کا آغاز 894 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 12 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہو گئی اور انڈیکس 112245 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں بتدریج 4029 پوائنٹس تک کی زبردست تیزی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 12 ہزار، ایک لاکھ 13 ہزار، ایک لاکھ 14 ہزار اور ایک لاکھ 15 ہزار پوائنٹس کی 4سطحیں بحال ہو گئیں اور انڈیکس بڑھ کر 115380 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تھا اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہونے کے بعد بند ہوا تھا۔