کسٹمز نے ای ایف ایس اسکیم کا 2 ارب 40 کروڑ روپے کا جعلی اسکینڈل پکڑلیا

کوئٹہ کی قاضی سنجرانی انٹرپرائزز لمیٹڈ کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز

کراچی:

کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ نے ای ایف ایس اسکیم کا 2 ارب 40 کروڑ روپے کا جعلی اسکینڈل پکڑ لیا۔

ڈائریکٹر کسٹمز پی سی اے شیراز احمد کے مطابق میسرز قاضی سنجرانی انٹرپرائزز 4 برآمدی استثنیٰ حاصل کرکے ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری میں ملوث پائی گئی۔

کمپنی برآمدات کے لیے استثنیٰ اسکیموں کے تحت سیمنٹ سازی میں خام مال کے طور پر استعمال ہونے والے کلنکر کی بڑی مقدار اور پیکنگ اشیاء درآمد کرکے مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے میں ملوث پائی گئی۔

ڈائریکٹر کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ ساوتھ کے ڈائریکٹر شیراز احمد کے مطابق پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساوتھ کی جانب سے مذکورہ کمپنی کی کسٹم وسیلز ٹیکس اعدادوشمار کی بنیاد پر آڈٹ کیا گیا اور فیکٹری کے فزیکل معائنے میں بے قاعدگیوں کی تصدیق ہوئی۔ 

جعلساز کمپنی نے 36 کروڑ90 لاکھ، 22 کروڑ 20 لاکھ اور 9 کروڑ 10 لاکھ روپے کے کلنکر امپورٹ کیے۔ کمپنی کے گودام میں 3ارب 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 3 لاکھ 95 ہزار ٹن مالیت کا کلنکر غائب ہے، جعلساز کمپنی کے تافتان اور گوادرڈرائی پورٹس پر امپورٹ اسٹاک کے شواہد نہیں ملے۔

کسٹم حکام کے مطابق کوئٹہ کی قاضی سنجرانی انٹرپرائزز لمیٹڈ کیخلاف 32 اے کے تحت ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔

Load Next Story