لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کی بنیاد رکھ دی ہے، جس کے تحت صوبائی حکومت نے 2024ء میں انقلابی اقدامات کیے ہیں۔
صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں ہونہار اسکالر شپ،پہلا پبلک اسکول ری آرگنائزیشن، ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ، چیف منسٹر اسکول نیوٹریشن، لاہور کنڈرگارٹن اسکول اورہر تحصیل میں گرلز کالجز کے لیے بسیں ، داخلوں کے لیے بیک ٹو اسکول کمپین، سرکاری اسکولوں میں نئے کلاس رومز، سائنس اورآئی ٹی لیبارٹریز کے قیام سمیت کئی بڑے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔
مریم نواز نے چین کی طرز پر ابتدائی کلاسز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایجوکیشن کے لیے پلان طلب کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ایجوکیشن افسروں کی ٹیسٹ اورانٹرویو کے بعد میرٹ پر تعیناتی کے ساتھ ساتھ نصاب کی تشکیل، ٹیچرز ٹریننگ اوردیگر امور کے لیے ایک ہی اتھارٹی قائم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اسی طرح اسکول ایجوکیشن کونسل کی تشکیل نو، لیپ ٹاپ اسکیم، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ اسٹیشن، نئی یونیورسٹیاں، گرین اسکول پروگرام کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے جب کہ ا سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ’’اسکول اولمپکس‘‘ کروانے، سرکاری اسکولوں میں ”تھییم آف منتھ“متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
صوبے میں 76 گرلز کالجز کے لیے بسوں کے منصوبے میں پہلے مرحلے میں 19گرلز کالجز کو بسیں مل گئی ہیں۔ پبلک اسکولز ری آرگنائزیشن پروگرام سے 40ارب روپے کی بچت اور 70 ہزار نوجوانوں کے لیے روزگار کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پنجاب کے پی ایس آر پی اسکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کا فیصلہ بھی اقدامات کا حصہ ہے۔
پنجاب میں ا سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے طلبہ کی تعداد میں کئی سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا پائلٹ پراجیکٹ بھی ان ہی اقدامات کا حصہ ہے جب کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام بھی نمایاں ہے۔
پنجاب کے سرکاری کالجوں میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنز کی بھرتی مکمل کی جا چکی ہے، جنہیں 6ماہ تک 50ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ کے3527 اسکولوں میں 4لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے غذائیت سے بھر پور دودھ پیک کا منصوبہ بھی صوبائی حکومت کے اقدامات کا حصہ ہے۔ تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کے لیے لاکھوں کے انعامات و تعلیمی اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی جب کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہونہار اسکالر شپ کو30ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے حکم پر طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس بھی دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر بچے کو بہترین اورجدید علوم حاصل کرنے کا پورا حق ہے۔ بچوں کی تعلیم کے لیے وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ نظام تعلیم میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں اوربہتری لائیں گے۔