قتل یا خودکشی؟ ہوٹل کے کمرے سے بھارتی اداکار کی لاش برآمد

ملیالم اداکار دلیپ شنکر کی لاش ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی ہے

بھارت کی ملیالم شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار دلیپ شنکر کی لاش ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلیپ شنکر ریاست کیرالہ کے شہر میں ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے ہیں۔

اداکار نے 19 دسمبر کو ہوٹل میں چیک اِن کیا تھا لیکن وہ اپنے قیام کے دوران ایک بار بھی کمرے چھوڑ کر باہر نہیں گئے۔ ملیالم اداکار کی لاش اتوار کو دریافت کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دلیپ شنکر کے ساتھی اداکار ان سے فون پر رابطہ نہ ہونے کے بعد اتوار کو ہوٹل پہنچے تھے، جہاں انھوں نے عملے سے دلیپ کا کمرہ کھولنے کا کہا۔ کمرہ کھولنے پر اداکار مردہ حالت میں پائے گئے۔

ملیالم اداکار ایک ٹیلی ویژن سیریز کی شوٹنگ کےلیے شہر میں موجود تھے۔ اداکار کی موت کے حوالے سے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم ابتدائی تحقیقات میں کوئی غیر معمولی بات سامنے نہیں آئی۔

ڈرامے کے ڈائریکٹر نے پولیس کو بتایا ہے کہ دلیپ کسی سنگین بیماری میں مبتلا تھے۔ اگرچہ بیماری کی نوعیت کا علم نہیں، لیکن اندازہ ہوا تھا کہ وہ اس بیماری کا علاج کروا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی قسم کی سازش یا غیر فطری عوامل کے آثار نظر نہیں آئے۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگی۔

Load Next Story