ہیڈ کانسٹیبل کی بیٹی قومی باکسنگ چیمپئین کیلیے خصوصی انعام

ملائکہ زاہد قومی چیمپئین شپ میں 5 اورمختلف مقابلوں میں 19 گولڈ میڈلز جیت چکی ہیں

آئی جی ریلویز پولیس نے کوئٹہ کے ہیڈ کانسٹیبل کی بیٹی اور قومی باکسنگ چیمپئن ملائکہ زاہد کو خصوصی انعام سے نوازا۔

لاہور میں سینٹرل پولیس آفس ریلویز میں آئی جی ریلویز پولیس نے کوئٹہ کے ہیڈ کانسٹیبل زاہد قیوم کی بیٹی کی صلاحیت اور کارناموں کو سراہتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کا خصوصی انعام دیا۔ ملائکہ زاہد اب تک قومی ویمن باکسنگ میں 5 اور دیگر ٹورنامنٹس میں 19 گولڈ میڈلز حاصل کرچکی ہیں۔ ملائکہ نے 6 پروفیشنل باکسنگ مقابلوں میں بھی برتری حاصل کی۔

آئی جی ریلویز پولیس نے ملائکہ کی حوصلہ افزائی کیلئے سینٹرل پولیس آفس ریلویز مدعو کیا اور باکسنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شاباش دی۔ آئی جی نے ملائکہ زاہد کو اپنی پڑھائی جاری رکھنے اور مزید محنت کرنے کا مشورہ دیا۔ کوئٹہ ڈویژن کے ہیڈ کانسٹیبل زاہد قیوم اور ملائکہ نے آئی جی کی خصوصی توجہ اور انعام سے نوازنے پر شکریہ ادا کیا۔

باکسنگ چیمپئن ملائکہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس جذبے کو قائم رکھتے ہوئے پاکستان کا عالمی سطح پر نام روشن کریں گی۔

Load Next Story