کراچی: نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ پر اقدام قتل کا پرچہ ہوگا
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف اقدام قتل کا پرچہ درج کریں گے۔
جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس 38 سے زائد لوگ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے، ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو ہوائی فائرنگ کرے گا شہری نشاندہی کریں ہم سرکار مدعیت میں مقدمہ کریں گے، کوشش کریں گے اس کی ضمانت نہ ہو اور ایسے شخص کا لائسنس بھی منسوخ کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا ایک نظام ہے، کسی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں، جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے گا اسے معطلی یا ملازمت سے فارغ ہونا پڑے گا۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی پورے ملک کا اکنامک حب ہے لیکن بدقسمتی سے یہ شہر پورے ملک کے جرائم پیشہ افراد کو بھی اٹریکٹ کرتا ہے، پچھلے سال کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائم 24 فیصد سے کم ہوکر 16 فیصد رہا، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کم ہوئیں، پولیس کارکردگی بھی پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ کارکردگی کے اعتبار سب سے بہترین رہا، اس ماہ سب سے کم گاڑیاں اور موٹر سائیکل چوری اور چھینی گئیں، 3800 سے زیادہ بائیک اور کار لفٹرز کو گرفتار کیا، 2700 سے زیادہ ایف آئی آرز کے چالان پیش کر چکے ہیں، انویسٹی گیشن کی بہتری سے 300 سے زیادہ ملزموں کو سزائیں بھی ہوئیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کرائم زیرو ہو مگر کچھ چیزیں ممکن نہیں ہوتیں 13 ہزار سے زائد گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں گزشتہ سال کے مقابلے کم چوری اور چھینی گئیں، موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں بھی گزشتہ برس سے 8 ہزار کم ہیں۔