گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان چین دوستی کی نمایاں مثال ہے، وزیراعظم

گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز آئندہ سال جنوری سے ہوگا، بریفنگ


ویب ڈیسک December 30, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پراجلاس ہوا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادرمیں بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ  تعمیر کرنے پر عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نیو گوادر ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے۔ گوادر ائیرپورٹ اے 380 طیاروں کو ہینڈل کرسکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کرسکیں گے۔

پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی  ائیر پورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔ ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی ، ائیر پورٹ سیکیوریٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے۔  

بریفنگ کے مطابق پی آئی اے کے کراچی اور گوادر کے لیے موجودہ فلائٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہفتے میں 3 بار کیا جائے گا۔ گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہوگا۔پاکستان کی نجی ائیرلائز، چین ، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیرلائزسے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے بارے میں بات چیت جاری ہے۔

ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج ، وئیر ہاؤسز ، کورئیر سروسز کی سہولیات ، کارگو شیڈز ، تکنیکی گراؤنڈ سپورٹ آلات ، فیول فارمز، ہوٹیلز اور شاپنگ مالز کی لئے جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ بینک برانچز کے قیام  اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ گوادر ائیرپورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے لیے ایسٹ بے ایکسپریس وے کا پہلاحصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ،  وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،  وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر نجکاری ، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں