امریکی صدر جوبائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ سابق صدر جمی کارٹر کی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے 39 ویں صدر جمی کارٹر 100 کی عمر میں اپنے گھرا واقع جارجیا میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن سمیت عالمی رہنماؤں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں جمی کارٹر کی دنیا کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ آج امریکا اور دنیا سے ایک غیر معمولی رہنما، سیاست دان اور انسان دوست شخص ہمیشہ کے لیے جدا ہوگیا۔
صدر جوبائیڈن نے بامقصد اور بامعنی زندگی گزارنے کے خواہش مند افراد کو جمی کارٹر کی زندگی کا مطالعہ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
جوبائیڈن نے اعلان کیا کہ سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے جمی کارٹر اپنی آبائی ریاست جارجیا کے گورنر بھی رہے اور 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہے۔
جمی کارٹر نے امریکی ڈرون حملوں کو انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے اُس وقت کے امریکی صدور بش اور اوباما کی مذمت کی تھی۔