دھرنے کے خاتمے سے متعلق کراچی پولیس چیف کا بیان، ترجمان کی وضاحت سامنے آگئی

دھرنے کے خاتمے سے متعلق کراچی پولیس چیف کا بیان، ترجمان کی وضاحت سامنے آگئی

کراچی:

پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں آج رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم رات تک ان سے مذاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علماء نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا ہے۔

مزید پڑھیں: مذہبی جماعت کے کراچی میں 12 مقامات پر دھرنے جاری

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کسی نے سڑک بند کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے، ہم یہ واضع پیغام دیتے ہیں کہ ہمیں ہدایات ملی ہیں، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، افسران کو ہدایات دے دی ہیں اب ہم سختی کریں گے۔

ترجمان کی وضاحت

کراچی پولیس ترجمان نے دھرنوں کے حوالے سے اپنے چیف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھرنے ختم نہیں کروائے جائیں گے۔

ترجمان کراچی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا دھرنے ختم کروانے کا سوشل میڈیا پر زیر گردش حکم درست نہیں اور اُن کے بیان کو دھرنوں کے خاتمے سے جوڑنا بےبنیاد اور غلط فہمی کا شاحسانہ ہے۔

ترجمان پولیس نے وضاحت کی کہ پولیس چیف کے کہنے کا مقصد دھرنوں کا خاتمہ نہیں بلکہ دھرنوں کا ایسا انتظام تھا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

کراچی میں دھرنے جاری

واضح رہے کہ پارا چنار کی صورتحال پر کراچی میں مذہبی جماعت کی جانب سے 17 مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ کرم کے مسئلے پر ایک گروپ سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنے جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان؛ عمائدین دستخط کرنے پر راضی

کراچی میں شارع فیصل، نمائش، جوہر موڑ، کامران چورنگی، ملیر 15، فائیو اسٹار چورنگی، سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر جمعرات سے جاری دھرنوں کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے۔

سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں پر قتل کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان

قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف اقدام قتل کا پرچہ درج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 38 سے زائد لوگ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ جو ہوائی فائرنگ کرے گا شہری نشاندہی کریں ہم سرکار مدعیت میں مقدمہ کریں گے، کوشش کریں گے اس کی ضمانت نہ ہو اور لائسنس بھی منسوخ کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا ایک نظام ہے، کسی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں، جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے گا اسے معطلی یا ملازمت سے فارغ ہونا پڑے گا۔

’کراچی ملک بھر کے جرائم پیشہ افراد کیلیے پسندیدہ ہے‘

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی پورے ملک کا اکنامک حب ہے لیکن بدقسمتی سے یہ شہر پورے ملک کے جرائم پیشہ افراد کیلیے پسندیدہ بن گیا ہے، پچھلے سال کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائم 24 فیصد سے کم ہوکر 16 فیصد رہا، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کم ہوئیں، پولیس کارکردگی بھی پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی۔

پولیس کی سالانہ کارکردگی

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ کارکردگی کے اعتبار سب سے بہترین رہا، اس ماہ سب سے کم گاڑیاں اور موٹر سائیکل چوری اور چھینی گئیں، 3800 سے زیادہ بائیک اور کار لفٹرز کو گرفتار کیا، 2700 سے زیادہ ایف آئی آرز کے چالان پیش کر چکے ہیں، انویسٹی گیشن کی بہتری سے 300 سے زیادہ ملزموں کو سزائیں بھی ہوئیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کرائم زیرو ہو مگر کچھ چیزیں ممکن نہیں ہوتیں 13 ہزار سے زائد گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں گزشتہ سال کے مقابلے کم چوری اور چھینی گئیں، موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں بھی گزشتہ برس سے 8 ہزار کم ہیں۔

Load Next Story