قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی: وزیرِ اعظم

اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے، یوم تاسیس پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) پاکستان کی تعمیر و ترقی میں گزشتہ تیس سالوں سے مصروف ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر جاری بیان میں کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سو اٹھارہ سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی، پاکستان کو بچانے کیلیے اپنی سیاست قربان کی اور ملکی سلامتی و معیشت کو ہمیشہ ہی ترجیح دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کے ساتھ کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا جبکہ ہم نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئی مگر اپنی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سر خرو کیا، مسلم لیگ ن کے ادوار میں ملک میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی، سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج بھی مسلم لیگ ن عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد کی سر پرستی میں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے مصروف عمل ہے، اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔

Load Next Story